کوئٹہ میں سفاک قاتل کا چھ ماہ پرانا راز بیوی نے فاش کر دیا
کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پر پیش آنے والے لرزہ خیز واقعے نے ہر کسی کو ہلا کر رکھ دیا، جہاں ایک لے پالک بیٹے نے جائیداد کے حصول کے لیے سفاکی کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے اپنے دو سگے بھائیوں کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ چھ ماہ قبل پیش آیا، جب ملزم نے دونوں بھائیوں کو قتل کر کے گھر کے صحن میں دفن کر دیا اور بعد ازاں اسی مکان کو کرائے پر دے دیا۔ ملزم کے سابقہ طرزِ عمل سے کسی کو کوئی شک نہ ہوا۔
یہ سنگین راز اس وقت فاش ہوا جب ملزم کی بیوی، جسے وہ کچھ عرصہ قبل طلاق دے چکا تھا، نے پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، جس نے تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کر لیا۔
مزید تفصیلات کے مطابق ملزم کو مقتولین کے والدین نے گود لے رکھا تھا اور وہ تینوں بھائیوں کی طرح ایک ہی چھت کے نیچے پروان چڑھے تھے، مگر لالچ نے انسانیت کے رشتے روند ڈالے۔
پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا ہے، جبکہ مجسٹریٹ کی موجودگی میں لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جائے گا تاکہ پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
پولیس واقعے کی مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ شہری حلقوں میں اس سفاک جرم پر شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔