لیہ میں سیلاب کا الرٹ | دریائے سندھ میں خطرناک حد تک پانی بڑھ گیا
Flood alert in Layyah | Water level in Indus River rises to dangerous level
لیہ: دریائے سندھ میں خطرناک حد تک پانی بڑھنے سے سیلاب کا الرٹ
مون سون بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے لیہ میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر پیشگی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
چشمہ بیراج پر پانی کی صورتحال
چشمہ بیراج پر پانی کی آمد چار لاکھ 44 ہزار کیوسک جبکہ اخراج چار لاکھ 24 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو 1122، ریلیف اداروں اور ضلعی مشینری کو مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ نقصانات اور موجودہ خطرات
گزشتہ دو روز قبل گزرنے والے سیلابی ریلے نے موضع سمرا نشیب کی بستیاں منجوٹھہ، صوبے والی اور زنگیزا کو شدید نقصان پہنچایا۔ درجنوں مکانات متاثر اور متعدد خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔ موضوع تھند کلاں، بستی کھوکھر والا اور بستی علیانی سمیت کئی دیگر بستیاں بھی زیر آب آ گئیں، جبکہ سینکڑوں ایکڑ پر مشتمل قیمتی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، چشمہ بیراج سے نکلنے والا سوا لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا آج رات لیہ کے مقام سے گزرے گا، جس سے مزید علاقوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
انتظامیہ کے اقدامات
نشیبی علاقوں کے اسکولوں میں ہنگامی فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں متاثرین کو عارضی پناہ فراہم کی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے لوگوں کے بروقت انخلاء کے لیے ٹرانسپورٹ، ادویات اور خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں سے فوری انخلاء کریں اور ریلیف کیمپوں سے رابطہ کریں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔