اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت منعقدہ خصوصی اجلاس میں وفاقی وزارتِ داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین کوآرڈینیشن بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے سروس ڈلیوری میں بہتری اور نتائج میں تیزی کے لیے جامع پلان طلب کرتے ہوئے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ تین دن کے اندر قواعد و ضوابط میں مطلوبہ ترامیم اور دیگر ضروری سفارشات جمع کرائیں۔ حتمی مربوط پلان وفاقی سیکرٹری داخلہ پیش کریں گے۔
محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب میں اعتراف کیا کہ ذیلی اداروں کے درمیان ربط و ہم آہنگی کا واضح فقدان موجود ہے جسے ہنگامی بنیادوں پر دور کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارہ اپنی ضروریات، دستیاب وسائل اور دوسرے اداروں سے درکار معاونت کا واضح فریم ورک تشکیل دے۔ ان کے مطابق اداروں کی صلاحیتوں اور وسائل کا باہمی اشتراک نہ صرف کارکردگی کو مؤثر بنائے گا بلکہ اس کے براہ راست ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔
اجلاس میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی نیشنل پولیس بیورو، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، ڈی جی نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، چیف آپریٹنگ آفیسر نادرا اور ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔