پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس لودھراں کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے میں دو کوچز پٹری سے اتر گئے اور لگیج وین سمیت تین بوگیاں الٹ گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک مسافر جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہوئے، جن میں دو کی حالت تشویشناک ہونے کے سبب انہیں بہاولپور اسپتال منتقل کیا گیا۔ باقی زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال لودھراں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان اور میڈیکل ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے جاں بحق مسافر پر افسوس اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیر نے ہدایت دی کہ متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے۔
حکام کے مطابق حادثے والی ٹرین کے مسافروں کو متبادل ٹرین کے ذریعے منزل تک پہنچایا جا رہا ہے اور دیگر ٹرینوں کے متاثر ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ وزیر ریلوے نے ہدایت دی کہ امدادی کام جلد مکمل کرکے ڈاؤن ٹریک بحال کیا جائے۔
حادثے کی انکوائری کے لیے وزیر ریلوے نے سات روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔