صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ممکنہ دورۂ پاکستان، تیاریاں شروع
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا رواں سال ستمبر میں پاکستان کا مختصر دورہ متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق، صدر ٹرمپ بھارت میں 18 ستمبر کو منعقد ہونے والی ایک اہم کانفرنس میں شرکت کے لیے آئیں گے، اور اسی موقع پر چند گھنٹوں کے لیے پاکستان کا دورہ بھی ممکن ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کے ممکنہ دورے کے پیش نظر ابتدائی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی اور سفارتی سطح پر مشاورت جاری ہے تاکہ صدر ٹرمپ کے قیام کو محفوظ اور کامیاب بنایا جا سکے۔
معروف سیاستدان اور سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے بھی اس حوالے سے بیان دیا ہے کہ ان کے ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ پاکستان کا مختصر، چند گھنٹوں پر مشتمل دورہ کریں گے۔
اگر یہ دورہ عمل میں آتا ہے تو یہ امریکی صدر کی جانب سے کئی سال بعد پاکستان کا ایک غیر معمولی اور اہم دورہ ہوگا، جس کے پاک-امریکہ تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔