دہشتگرد بلوچ عوام کو پاکستان سے جدا نہیں کر سکتے ، ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ “فتنۂ ہندوستان” کے مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان کے عوام کو پاکستان سے جدا نہیں کر سکتے، بلوچ عوام مذہب، ثقافت اور روایات کے اٹوٹ بندھن میں پاکستان کے ساتھ جُڑے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بات کراچی میں جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے دورے کے موقع پر طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں پاکستانی عوام، خصوصاً طلبا و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا۔ “آپریشن بنیان مرصوص” میں پوری قوم نے یکجہتی کے ساتھ دشمن کے اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے طالبات کو آپریشن کی حکمت عملی، قربانیوں اور عوامی کردار سے آگاہ کیا۔ انکا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے
تقریب کے دوران طالبات نے پاک فوج کیساتھ اپنی والہانہ وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور افواج کا رشتہ نہایت مضبوط ہے، جو ہر دور میں مزید مستحکم ہوا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم پاک افواج سے ہیں اور پاک افواج ہم سے ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ اور طالبات نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس طرح کے مزید معلوماتی اور حوصلہ افزا سیشنز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔