ایرانی سرکاری ٹی وی چینل پر بمباری، 3 میڈیا ورکرز شہید
تہران: اسرائیلی فضائی حملے میں ایرانی سرکاری ٹی وی چینل کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تین میڈیا ورکرز شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔یہ حملہ نشریات کے دوران ہوا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اینکر کو لائیو شو کے دوران اچانک سیٹ سے ہٹایا گیا، جبکہ پس منظر میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔
حملے کے بعد ایران کے سرکاری ٹی وی کی نشریات کچھ دیر کے لیے معطل رہیں، تاہم تکنیکی ٹیم نے فوری بحالی ممکن بنائی۔
اس واقعے پر عالمی سطح پر شدید مذمت سامنے آئی، جس پر اسرائیل نے عجیب و غریب جواز پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نشریاتی عمارت درحقیقت “فوجی مقاصد” کے لیے استعمال ہو رہی تھی اور اسے ایک “کمیونیکیشن سینٹر” کے طور پر نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ حملے سے قبل شہریوں کو فون کالز کے ذریعے خبردار کیا گیا تھا، حالانکہ عمارت براہ راست نشریات کے دوران تباہ کی گئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ میڈیا اداروں پر حملہ آزادی اظہارِ رائے پر براہ راست حملہ ہے، جو عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عالمی صحافتی تنظیموں اور انسانی حقوق کے اداروں نے اس حملے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔