واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کم کرنے کے لیے ایرانی حکام سے خفیہ ملاقات کی ہدایت دے دی۔عالمی میڈیا کے مطابق، امریکی صدر نے جی-7 اجلاس میں یورپی رہنماؤں کو آگاہ کیا کہ جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں اور وہ اسی ہفتے ایرانی حکام سے بات چیت کے خواہاں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک سے کشیدگی کم کرنے کے اشارے ملے ہیں، اگرچہ کوئی حتمی ملاقات طے نہیں پائی۔ ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ ایران مذاکرات پر آمادہ ہے، تاہم انہوں نے فوجی آپشن پر واضح موقف دینے سے گریز کیا۔دوسری جانب، وائٹ ہاؤس ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی افواج دفاعی پوزیشن میں ہیں اور اس وقت ایران کے خلاف کوئی عسکری کارروائی زیر غور نہیں۔