سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو انتقال کر گئے

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو انتقال کر گئے۔ مرحوم نے اپنے طویل سیاسی کیریئر میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں، جن میں وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر شامل ہیں۔

میاں منظور وٹو کی نماز جنازہ 17 دسمبر بروز بدھ، حویلی وساوے والا اوکاڑہ میں دوپہر 2 بجے ادا کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی قیادت نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکن اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں، جبکہ حسن مرتضی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی آخری منزل آسان کرے۔

میاں منظور وٹو نے 1993 میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر فرائض انجام دیے۔ ان کا سیاسی سفر 1985 سے 1993 تک پاکستان مسلم لیگ سے شروع ہوا، پھر 1993 سے 1995 تک مسلم لیگ جونیجو، 1995 سے 2002 تک مسلم لیگ جناح، 2002 سے 2008 تک مسلم لیگ ق، 2008 سے 2018 تک پاکستان پیپلز پارٹی اور 2018 سے 2020 تک تحریک انصاف کے ساتھ رہا۔ 2020 کے بعد وہ دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔

صدرِ مملکت کا میاں منظور وٹو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور سینئر سیاستدان میاں منظور احمد وٹو کے انتقال پر صدرِ مملکت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

صدرِ پاکستان نے کہا کہ میاں منظور احمد وٹو نے بطور سپیکر پنجاب اسمبلی، وزیراعلیٰ پنجاب، وفاقی وزیر اور مختلف اہم سیاسی ذمہ داریوں میں عوامی خدمت اور قومی ترقی کے لیے گرانقدر خدمات انجام دیں۔

صدر زرداری نے مزید کہا کہ مرحوم نے بطور سینئر سیاستدان جمہوری اداروں کے استحکام اور علاقائی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی دانائی، قیادت اور قومی یکجہتی کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

صدرِ مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.