پاکستان دہشت گردی کی ہر صورت کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گا، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام اقسام کے خلاف اپنی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔ آرمی پبلک اسکول پشاور پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی برسی کے موقع پر جاری بیان میں معصوم طلبہ اور اساتذہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق اے پی ایس کا سانحہ تاریخ کی بدترین اور انسانیت سوز کارروائیوں میں شمار ہوتا ہے، جس نے پوری قوم کو سوگوار کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ شہدا کی قربانیاں اس قومی عزم کی علامت ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں 90 ہزار سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ ملک کو بھاری معاشی اور سماجی نقصانات بھی اٹھانا پڑے، جو عالمی سطح پر پاکستان کے فرنٹ لائن کردار کا ثبوت ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم سرحد پار موجود دہشت گرد عناصر اب بھی ایک سنجیدہ خطرہ ہیں، جنہیں دشمن قوتوں کی حمایت حاصل ہے۔

وزارتِ خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے اور ہر قسم کی معاونت روکنے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ پاکستان نے ایک بار پھر اے پی ایس شہدا کی یاد میں عوام کے تحفظ، خودمختاری کے دفاع اور پائیدار امن کے عزم کا اعادہ کیا۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.