پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی پارلیمانی سیکریٹری بیرسٹر دانیال چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے ان کی شادی کے روز ان کے گھر کو تالا لگوا دیا تھا اور مہمانوں کو اندر جانے سے روک دیا گیا۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے یہ بات نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں سینئر صحافی حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ فیض حمید کی جانب سے انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں کیا گیا، ان کے گھر کی دیواریں گرائی گئیں، گھر مسمار کیا گیا اور ان کی بہنوں کے شادی ہالز بھی توڑے گئے۔
انہوں نے کہا کہ شادی کے دن حنیف عباسی اور زبیر عمر بھی موقع پر موجود تھے۔ جیسے ہی مہمان آنا شروع ہوئے، گھر کو تالے لگا دیے گئے اور کہا گیا کہ کوئی اندر داخل نہیں ہوگا۔ بعد ازاں وہاں موجود دوستوں نے مزاحمت کی جس کے بعد دروازے کھولے گئے اور مہمانوں کو اندر آنے دیا گیا۔
پروگرام میں موجود سابق گورنر سندھ زبیر عمر نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فیض حمید نے فون پر سخت لہجے میں گفتگو کی تھی۔