سیاسی مصالحت سچے دل سے معافی مانگنے سے ممکن ہے، فیلڈ مارشل
برسلز (ویب ڈیسک) آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سیاسی مصالحت صرف اس وقت ممکن ہے جب سچے دل سے معافی مانگی جائے۔ انہوں نے تبدیلی سے متعلق تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواہیں پھیلانے والے دراصل حکومت اور مقتدرہ دونوں کے مخالف ہیں۔
برسلز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ “خدا نے مجھے اس ملک کا محافظ بنایا ہے، میری کسی عہدے یا منصب کی خواہش نہیں۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین اور امریکا کے ساتھ تعلقات میں توازن قائم رکھنے کا وسیع تجربہ ہے، اور ہم کسی ایک دوست کے لیے دوسرے دوست کو قربان نہیں کریں گے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کرے۔ اسی طرح افغانستان کو بھی واضح پیغام دیا کہ طالبان کو پاکستان کی طرف دھکیلنے کی پالیسی فوری طور پر بند کرے، کیونکہ “ایک ایک پاکستانی کے خون کا بدلہ لینا ہم پر فرض ہے۔”
آرمی چیف نے وزیراعظم کے اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کام کرنے کو بھی سراہا اور کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ نے مشکل حالات اور جنگ کے دوران جس عزم و حوصلے کا مظاہرہ کیا، وہ قابل تحسین ہے۔