فوج کی کوئی دلچسپی نہیں کہ معصوم عوام کی جان لے، ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ فوج کا مقصد دہشتگردی کے نام پر معصوم عوام کی جان لینا نہیں ہے۔ اگر کوئی شخص دہشتگردوں کو پناہ دیتا ہے یا اپنے گھر میں بارودی مواد رکھتا ہے تو اسے اپنے عمل کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
آئی ایس پی آر کے زیراہتمام انٹرن شپ پروگرام کے دوران طلبہ سے خصوصی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام دہشتگردوں سے تنگ آچکے ہیں، وہ باشعور اور دوراندیش لوگ ہیں اور اپنے علاقے کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کوئی بھی آپریشن تبھی کامیاب ہوتا ہے جب مقامی عوام دہشتگردوں کی نشاندہی کریں۔ فوج کی حکمت عملی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہے تاکہ صرف دہشتگرد اور ان کے سہولت کار نشانہ بنیں، نہ کہ پورے علاقے کو سزا ملے۔
انہوں نے شہید میجر محمد انور کاکڑ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھرتی کے عظیم بیٹے تھے جنہوں نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جان قربان کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان تعلیم کے میدان میں نمایاں کارنامے انجام دے رہے ہیں۔ کیمبرج یونیورسٹی کے سائنسدان صمد یار، شاہ زیب رند اور دیگر نوجوان اپنی تقدیر کے خود مالک بن چکے ہیں۔ بلوچ بچیاں بھی مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام لسانی اور علاقائی تفریق سے بالاتر ہوکر کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوا ہے۔ بلوچستان کی 15 ملین آبادی میں نہ صرف بلوچ بلکہ پختون اور دیگر اقوام بھی شامل ہیں، جبکہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد ملک کے دیگر حصوں میں مقیم ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح کیا کہ پاکستان کا مطلب لا الہ الا اللہ عوام کے دلوں میں رچ بس چکا ہے، اور یہی جذبہ دہشتگردی کے خلاف کامیابی کی بنیاد ہے۔