وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی پنشن میں 15فیصد اضافے کی منظوری دے دی
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر “سی کیرج شپنگ ڈاکیومینٹس بل 2025” کے حوالے سے قانونی کارروائی شروع کرنے کی منظوری دی۔
ای او بی آئی میں اصلاحات کے لیے وزیراعظم نے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ یہ کمیٹی غیر منظم شعبوں جیسے گھریلو ملازمین، زرعی مزدوروں اور دیگر نظر انداز طبقات کو اولڈ ایج بینیفٹس کی فراہمی کے لیے تجاویز مرتب کرے گی۔
علاوہ ازیں، کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر انسداد کینسر، امراضِ قلب اور زندگی بچانے والی ادویات کی درآمد پر مزید پانچ سال کی استثنیٰ کی منظوری بھی دی۔ ان ادویات کی دستیابی صرف اسپتالوں اور رجسٹرڈ اداروں تک محدود ہوگی، اور ان کی کھلے عام فروخت پر پابندی ہوگی۔ ان کی درآمد کے لیے لائسنسنگ اتھارٹی سے پیشگی اجازت لازمی قرار دی گئی ہے۔
مزید برآں، وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 2 اور 3 جولائی 2025 کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کر دی۔