نیویارک: امریکہ کے شہر نیویارک میں شدید بارشوں کے باعث شہری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ پیر کی شب ہونے والی طوفانی بارش نے سڑکوں، ریلوے اسٹیشنز اور ٹریکس کو زیر آب کر دیا، جب کہ کئی گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شہر میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث عوام کو سفر میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مین ہٹن کے سینٹرل پارک میں صرف ایک گھنٹے کے دوران 5 سینٹی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جو کہ نیویارک کی تاریخ میں 60 منٹ کی دوسری سب سے زیادہ بارش ہے۔
نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے شہریوں سے احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب ریاست نیو جرسی میں بھی شدید بارشوں کے نتیجے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جہاں سیلابی پانی میں ایک گاڑی کے بہہ جانے سے 2 افراد ہلاک ہو گئے۔ نیو جرسی کے گورنر نے واقعے کو موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض علاقوں میں محض ڈھائی گھنٹے میں 6 انچ (15.25 سینٹی میٹر) بارش ریکارڈ ہوئی۔
ریاستی انتظامیہ نے نیو جرسی میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن تیز کر دیے ہیں۔