پاکستان کی فضائی ساکھ بحال، برطانیہ نے ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا
اسلام آباد: پاکستان کو فضائی تحفظ کے شعبے میں ایک بڑی بین الاقوامی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں برطانیہ نے اسے اپنی ’ایئر سیفٹی لسٹ‘ سے خارج کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد پاکستانی ایئر لائنز ایک بار پھر برطانیہ میں پروازوں کے لیے درخواست دینے کی اہل ہو گئی ہیں۔
برطانیہ کی ایوی ایشن سیفٹی کمیٹی نے پاکستان کی جانب سے فضائی معیار اور حفاظتی نظام میں نمایاں بہتری کو تسلیم کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔ اب ہر پاکستانی ایئر لائن برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے انفرادی پرمٹ حاصل کر کے پروازیں چلا سکے گی۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“میں ان ماہرین کی شکر گزار ہوں جنہوں نے بین الاقوامی سیفٹی اسٹینڈرڈز پر عمل درآمد یقینی بنایا۔ جلد پاکستانی ایئرلائن سے سفر کرنے کی منتظر ہوں!”
یہ فیصلہ کئی سالہ تکنیکی تعاون اور اصلاحات کے بعد سامنے آیا، جس میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا مرکزی کردار رہا۔ برطانیہ نے 2021 میں پاکستان کو سیفٹی لسٹ میں شامل کیا تھا، مگر اب تمام شرائط پوری ہونے پر پاکستان کو کلئیر قرار دے دیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت نہ صرف پاکستانی ایئر لائنز کے لیے یورپی فضاؤں میں واپسی کی نوید ہے، بلکہ اس سے 16 لاکھ سے زائد برطانوی پاکستانیوں، 4.7 ارب پاؤنڈ کے تجارتی تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو بھی نئی تقویت ملے گی۔