پاکستان کا اسرائیل پر ایٹمی حملہ؟ اسحاق ڈار نے فیک نیوز کا پول کھول دیا
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران اسرائیل کشیدگی کے تناظر میں سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا جوہری اور میزائل پروگرام مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے اور صرف ملکی سرحدوں کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ہے۔
سینیٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران نے اسرائیلی حملے کے بعد مذاکرات کی مشروط پیشکش کی تھی جسے پاکستان نے متعلقہ ممالک تک پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل کو روکا جائے تو ایران اب بھی مذاکرات پر آمادہ ہو سکتا ہے اور پاکستان سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان نے اسرائیل پر ایٹمی حملے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا اور ایسی تمام خبریں جھوٹی، گمراہ کن اور خطرناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وزیر دفاع خواجہ آصف کا جعلی کلپ اور نیتن یاہو کا 2011 کا پرانا بیان چلایا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کو غلط طور پر جنگ میں گھسیٹا جا سکے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ کوئی تماشا نہیں، ہمیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دفتر خارجہ کی جانب سے اسرائیل ایران کشیدگی پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، اور اس حوالے سے گردش کرنے والی تصاویر بھی اے آئی جنریٹڈ اور فیک ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج الرٹ ہیں، اور اسرائیل کو خبردار کیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے۔