بارکھان میں موٹر سائیکل بم دھماکہ، دو جاں بحق، کوئٹہ میں ریلوے ٹریک بھی لرز اٹھا
کوئٹہ – مچھ اور آب گم کے درمیان ریلوے ٹریک پر زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ریلوے کا ایک ملازم شدید زخمی ہوگیا جبکہ ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ واقعہ کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات جاری ہیں جبکہ متاثرہ مقام پر ریلوے حکام بھی پہنچ چکے ہیں۔
بارکھان رکھنی بازار دھماکہ: دو جاں بحق، درجنوں زخمی
بارکھان شہر کے علاقے رکھنی کے مرکزی بازار میں زور دار بم دھماکہ ہوا، جس میں دو افراد موقع پر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل میں نصب بم کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑایا گیا، جس سے قریبی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور ایک پک اپ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔دھماکے کے فوری بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس اور لیویز فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں، جبکہ حملے کے محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔