سڈنی حملہ خوفناک، حملہ آور کو روکنے والا شخص ہیرو ہے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈائی بیچ پر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک خوفناک اور قابلِ افسوس واقعہ قرار دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ مذہبی تہوار منانے والوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، عوام بلاخوف و خطر اپنے تہوار فخر کے ساتھ منائیں۔ انہوں نے واقعے کے دوران جان پر کھیل کر حملہ آور کو روکنے والے شہری کو بہادر اور قابلِ احترام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شخص نے اپنی جرات سے کئی قیمتی جانیں بچائیں۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک شہری نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو میں کیا اور اس سے اسلحہ چھین لیا۔

آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس بہادر شہری کی شناخت 43 سالہ احمد ال احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو سڈنی میں پھلوں کی دکان چلاتے ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔ اس بہادری پر انہیں عوامی سطح پر ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے شام میں امریکی فوجیوں پر ہونے والے حملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے کے پیچھے شامی حکومت نہیں بلکہ داعش ملوث ہے، اور حملہ آوروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔

ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی سڈنی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہود دشمنی کا اس دنیا میں کوئی مقام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعائیں اس حملے کے متاثرین، یہودی کمیونٹی اور آسٹریلیا کے عوام کے ساتھ ہیں۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.