کوئٹہ زرغون روڈ پر لوکل بس ڈرائیوروں کا گرین بس عملے پر مبینہ تشدد
کوئٹہ (رپورٹ): زرغون روڈ پر لوکل بس ڈرائیوروں نے گرین بس کے عملے پر مبینہ تشدد کیا اور بس کی چابی نکال کر لے گئے۔ واقعے کے دوران لوکل بس ڈرائیوروں نے گرین بس کے ڈرائیور اور دیگر عملے کو بس سمیت جلانے کی دھمکی دی جبکہ مسافروں کو بھی ڈرایا دھمکایا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی لوکل بس انتظامیہ کی جانب سے گرین بس پر حملہ کیا جا چکا ہے جس میں شیشے توڑ دیے گئے تھے۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور ایک لوکل بس کو قبضے میں لے کر بند کر دیا گیا۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات خان کاکڑ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ گرین بس کو روکنے اور عملے کے ساتھ بدتمیزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو متعلقہ ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف گرین بس ڈرائیور کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی جائے گی۔