خیبر پختونخوا میں سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ، 43 جاں بحق
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 43 افراد جاں بحق اور کم از کم 14 زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق تحصیل سلارزئی کے گاؤں جبراڑئی میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد آنے والے سیلابی ریلے نے کئی مکانات اور عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔ مقامی افراد کے تعاون سے 16 جاں بحق اور 3 زخمیوں کو ملبے سے نکالا گیا، جبکہ 7 لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
سوات میں موسلادھار بارش سے مالم جبہ روڈ کا 400 میٹر حصہ سیلاب میں بہہ گیا۔ مینگورہ، مکان باغ اور ملابابا سمیت کئی علاقے زیرِ آب آگئے۔ دریائے سوات اور خوڑوں میں طغیانی کے باعث ضلعی انتظامیہ نے عوام کو دریا کنارے جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
شدید بارش کے باعث شاہی اور شاہی کوٹ میں پھنسے 25 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو 1122 نے بحفاظت نکال لیا۔ میدان حیاسیرے (ریدگے پل) کے مقام پر سیلاب میں پھنسے 2 افراد کو بھی بروقت کارروائی کے ذریعے زندہ سلامت بچا لیا گیا۔
ضلعی اور صوبائی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیوں کی ہدایت جاری کردی ہے۔