باجوڑ اور بونیر میں سیلابی صورتحال، ریسکیو آپریشن کے لیے کے پی حکومت کے دو ہیلی کاپٹر روانہ
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے شہریوں کے انخلا کے لیے صوبائی حکومت کا چھوٹا ہیلی کاپٹر فوری طور پر بونیر روانہ کر دیا گیا۔ مکانات کی چھتوں پر محصور افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق صوبائی حکومت کا بڑا ہیلی کاپٹر “ایم آئی 17” باجوڑ میں ریسکیو مشن کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کے پاس ریسکیو سرگرمیوں کے لیے یہی دو ہیلی کاپٹر دستیاب ہیں، جو مکمل طور پر آپریشن میں مصروف ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ وہ متعلقہ حکام، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں کی صورتحال کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ بونیر میں سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کی بحفاظت نکاسی کے لیے کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر بونیر کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔