باجوڑ میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے 16 جاں بحق، 7 لاپتا
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقوں جبراڑئی اور سلارزئی میں شدید بارش اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے سے کم از کم 16 افراد جاں بحق، 3 زخمی اور 7 لاپتا ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی ٹیموں نے مقامی افراد کے تعاون سے لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔
تحصیل جبراڑئی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ تحصیل میدان سوری میں مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔
بالاکوٹ میں منور بیلہ کے مقام پر فلیش فلڈ میں پھنسے دیر کے 3 مزدوروں کو زندہ بچا لیا گیا۔
سوات میں موسلادھار بارش کے باعث مالم جبہ روڈ کا 400 میٹر حصہ بہہ گیا، مینگورہ، مکان باغ اور ملابابا سمیت متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے دریاؤں اور خوڑ کے قریب جانے سے گریز کی اپیل کی ہے۔
لوئر دیر میں طغیانی کے باعث پھنسے 25 سے زائد سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے 2 مزید افراد کو سیلابی ریلے سے زندہ بچایا۔