google-site-verification=hCdMJtRSQIFlKGUKDvshKKo__duzI1re2ugCjowz_Yg

آئی ایم ایف کا دباؤ، حکومت نے چینی درآمد کا ٹینڈر واپس لے لیا

آئی ایم ایف کا دباؤ، حکومت نے چینی درآمد کا ٹینڈر واپس لے لیا

اسلام آباد: حکومت نے درآمدی چینی پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری نہ ملنے پر تین لاکھ ٹن چینی کی درآمد کا جاری کردہ ٹینڈر واپس لے لیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے تین لاکھ ٹن چینی کے پرانے ٹینڈر کو منسوخ کر کے اب 50 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے نیا اور نظرثانی شدہ ٹینڈر جاری کیا ہے۔ اس سلسلے میں عالمی سپلائرز سے 22 جولائی تک بولیاں طلب کی گئی ہیں۔

حکومت نے اس سے قبل مجموعی طور پر 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس مقصد کے لیے تمام درآمدی ڈیوٹیز میں چھوٹ دی گئی تھی۔ ٹی سی پی نے 11 جولائی کو تین لاکھ ٹن چینی کی درآمد کے لیے ابتدائی ٹینڈر جاری کیا تھا۔

تاہم، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے چینی پر ٹیکس چھوٹ پر سخت اعتراضات سامنے آئے، جس کے بعد حکومتی درآمدی فیصلے پر نظرثانی کی گئی اور ٹینڈر واپس لے لیا گیا۔

دوسری جانب، چینی کی درآمد کی اجازت کے باوجود اس کی ایکس مل قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، برآمد کی اجازت ملنے کے وقت کے مقابلے میں ایکس مل قیمت میں فی کلو 25 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جب کہ مارچ 2025 کے مقابلے میں یہ اضافہ 6 روپے فی کلو ہے۔

کابینہ دستاویزات کے مطابق، حکومت نے جون 2024 میں چینی کی ایکس مل قیمت 140 روپے فی کلو مقرر کی تھی، جو مارچ 2025 میں بڑھا کر 159 روپے اور اب شوگر ملوں کے ساتھ طے شدہ نئی قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔

وزارتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے حال ہی میں چینی کی نئی ایکس مل قیمت کا باقاعدہ اعلان بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ حکومت نے جون 2024 میں چینی کی برآمد کی اجازت دینا شروع کی تھی، اور جون سے اکتوبر 2024 تک مرحلہ وار مجموعی طور پر ساڑھے 7 لاکھ ٹن چینی کی برآمد کی اجازت دی گئی تھی۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.