برطانوی ہائی کمیشن کا پاکستانی طلبہ و محنت کشوں کیلئے ای ویزا سسٹم متعارف
اسلام آباد: برطانوی ہائی کمیشن نے پاکستان کے لیے بڑی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی طلبہ اور ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے اب ای ویزا سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق اب زیادہ تر پاکستانی طلبہ اور ورکرز کو اپنے پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ اپنے امیگریشن اسٹیٹس کو نئے ڈیجیٹل ای ویزا پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن دیکھ سکیں گے۔
ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ نظام محفوظ، سادہ اور مکمل طور پر ڈیجیٹل ہے جسے دنیا بھر میں لاکھوں افراد پہلے ہی استعمال کر رہے ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر برائے پاکستان جین میریٹ نے کہا کہ “ای ویزا کی بدولت ویزا درخواست کا عمل آسان ہو جائے گا، اور ویزا ہولڈرز اپنے پاسپورٹ اپنے پاس رکھ سکیں گے۔”
برطانوی ہائی کمیشن نے یہ بھی واضح کیا کہ ای ویزا کا اطلاق کسی شخص کے امیگریشن اسٹیٹس یا ویزا کی شرائط پر اثرانداز نہیں ہوگا۔
ڈیجیٹل سسٹم کی مدد سے مسافروں کے لیے ہوائی اڈوں، آجرین (employers) یا مکان مالکان کے سامنے اپنے اسٹیٹس کو ثابت کرنا بھی آسان ہو جائے گا۔
تاہم، اس مرحلے پر ڈیپنڈنٹ اور وزیٹر ویزا کیٹیگریز کے لیے اب بھی ویزا اسٹیکر درکار ہوگا۔ ای ویزا نظام کو بتدریج تمام ویزا کیٹیگریز تک توسیع دی جائے گی۔