پیٹرول 6.60 روپے مہنگا ہونے والا ہے، عوام پر مہنگائی کا نیا بم تیار
اسلام آباد: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کے لیے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ آن پڑے گا۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6.60 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 5.27 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ ممکنہ اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 273.39 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 278.25 روپے فی لیٹر ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجوہات ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی، پیٹرولیم لیوی میں رد و بدل اور عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.74 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل میں 2.23 روپے فی لیٹر کی کمی بھی متوقع ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے روس کے خلاف سخت مؤقف کے بعد 71 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہیں۔ اگر روس نے یوکرین میں جارحیت بند نہ کی تو عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کا براہ راست اثر پاکستان جیسے درآمدی معیشت والے ممالک پر پڑے گا۔