جلالپور پیر کے قریب سیلابی صورتحال، موٹروے ایم 5 ٹریفک کے لیے بند
جلالپور پیر کے قریب سیلابی ریلوں کے باعث موٹروے ایم 5 کو متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق عوام اور روڈ یوزرز کی حفاظت کے پیش نظر ایم 5 کو جلالپور کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ این ایچ اے حکام کی درخواست پر ٹریفک کے لیے متبادل راستوں پر ڈائیورشنز قائم کر دی گئی ہیں۔ نارتھ باؤنڈ ٹریفک کو اوچ شریف، جھانگرہ اور جلالپور انٹرچینج سے موڑ دیا گیا ہے جبکہ ساؤتھ باؤنڈ ٹریفک کو شاہ شمس، شیر شاہ اور شجاع آباد ساؤتھ سے متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
این ایچ اے کے ورکرز سیلابی پانی سے شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لیے ریت کے تھیلے اور پتھر رکھنے میں مصروف ہیں۔ ترجمان کے مطابق موٹروے پولیس اہلکار موقع پر موجود ہیں اور روڈ یوزرز کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
ایس پی موٹروے پولیس سید عمران احمد بھی نفری کے ہمراہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے موقع پر موجود ہیں۔