ملک بھر میں 78واں یومِ آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں 78واں یومِ آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں آج 78واں یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

رات 12 بجتے ہی ملک کے ہر کونے میں جشن آزادی شروع ہو گیا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں سڑکیں، بازار اور عمارتیں سبز ہلالی پرچم کی روشنیوں سے جگمگا اُٹھیں۔ شہریوں نے قومی ترانے اور نعرے لگاتے ہوئے ریلیاں نکالیں اور ثقافتی تقریبات کا حصہ بنے۔

اسلام آباد میں جناح اسپورٹس کمپلیکس میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ تقریب میں وفاقی کابینہ، قومی اسمبلی و سینیٹ کے ارکان، دوست ممالک کے سفیر اور بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔

تقریب میں تینوں مسلح افواج کے موسیقی بینڈز نے شاندار مارچ پاسٹ کیا جبکہ پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے دستے، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے دستے بھی شامل ہوئے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے یادگارِ معرکہ حق کے ماڈل کی نقاب کشائی بھی کی۔

لاہور اور کوئٹہ میں دن کے آغاز پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ مزار قائد کراچی اور مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو مادر وطن کی آزادی کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ معرکہ حق میں کامیابی قومی اتحاد، غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی علامت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہان نے بھی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ دن ہماری وحدت، ثابت قدمی اور روشن مستقبل کے عزم کی علامت ہے۔ افواجِ پاکستان نے اُن رہنماؤں، مدبّروں اور سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے وطن کی بنیادیں رکھیں۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.