ہمارے اصل اسٹیک ہولڈرز عوام ہیں، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ

اسلام آباد/کوئٹہ/لاہور/پشاور: پاکستان کی 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر سپریم کورٹ اور ملک کی تمام ہائیکورٹس میں پرچم کشائی کی تقاریب شایانِ شان طریقے سے منعقد ہوئیں، جن میں چیف جسٹس صاحبان، ججز، وکلا اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

سپریم کورٹ میں ہونے والی مرکزی تقریب میں چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے قومی پرچم لہرایا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے پرچم کشائی کے بعد پودے بھی لگائے۔ لاہور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پرچم کشائی کی، جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس سید شہباز علی رضوی بھی شریک تھے۔

پشاور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے پرچم لہرایا، اس موقع پر ججز، وکلا اور سیشن ججز موجود تھے جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

بلوچستان ہائیکورٹ میں چیف جسٹس روزی خان بڑیچ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہمارے اصل اسٹیک ہولڈرز عوام ہیں، اور ہر شہری کو فوری انصاف کی فراہمی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وراثتی عدالتیں قائم کی جا چکی ہیں تاکہ ورثہ کو ان کے حقوق بروقت مل سکیں، خواتین وکلاء اور ججز جو نابالغ بچوں کے ساتھ عدالت آتی ہیں ان کے لیے خصوصی سینٹر بنایا گیا ہے، جبکہ ایک جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے جس سے سائلین گھر بیٹھے اپنے کیس کی تفصیلات جان سکیں گے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.