اسلام آباد: وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے قوم اور اوورسیز پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے، اس کی قدر کرنا اور ملک کیلئے کام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خوشحالی ہماری پہلی ترجیح ہے، ہر شہری کو دیانتداری اور محنت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں تاکہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ جام کمال خان نے معرکۂ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن قومی یکجہتی، اتحاد اور قربانی کے عزم کی یاد دہانی ہے۔
وفاقی وزیرِ تجارت نے مزید کہا کہ “پاکستان کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانا سب کا مشترکہ مشن ہے، ہمیں اس عظیم ملک کی خدمت کیلئے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔”
انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کو پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب آپریشن نے عوام اور اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو بلند کیا۔