پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 135 ہزار کی نئی تاریخی حد عبور کر لی، وزیراعظم کا اظہار مسرت
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی کے ساتھ نئی ریکارڈ سطح عبور کر لی۔ پیر کے روز 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور ایک موقع پر انڈیکس 1013 پوائنٹس بڑھ کر 135,313 کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 135 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ملکی معیشت پر کاروباری برادری کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حالیہ مثبت معاشی اشاریے حکومتی معاشی پالیسیوں کی درست سمت کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اب معاشی استحکام سے نکل کر ترقی کی جانب گامزن ہو چکا ہے، اور حکومت پاکستان عوامی فلاح و بہبود اور اقتصادی ترقی کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے میں بھی مارکیٹ میں نمایاں بہتری دیکھی گئی تھی، جب 100 انڈیکس 2350 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 134,299 پر بند ہوا تھا، اور ہفتے کے دوران انڈیکس 2605 پوائنٹس کے بینڈ میں ٹریڈ کرتا رہا۔