خیبرپختونخوا: انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 35 دہشت گرد ہلاک، 12 جوان شہید

خیبرپختونخوا: انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 35 دہشت گرد ہلاک، 12 جوان شہید

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 35 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 12 جوان مادرِ وطن پر قربان ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 10 سے 13 ستمبر کے دوران ضلع باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں کی گئیں۔ باجوڑ میں آپریشن کے دوران 22 دہشت گرد مارے گئے جبکہ جنوبی وزیرستان میں ایک اور آپریشن میں مزید 13 دہشت گرد انجام کو پہنچے۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ دہشت گرد خطے میں متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے، جب کہ انٹیلی جنس رپورٹس سے یہ بات بھی ثابت ہوئی ہے کہ ان کارروائیوں میں افغان شہری براہِ راست شریک تھے اور افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا تشویشناک امر ہے۔

پاکستان نے عبوری افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان مخالف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔

علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ہمارے بہادر سپوتوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ ملک کو دہشت گردی سے ہر صورت پاک کیا جائے گا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.