لاہور ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقے نو برڈ زون قرار، فضائی تحفظ کے لیے بڑا آپریشن شروع

لاہور ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقے نو برڈ زون قرار، فضائی تحفظ کے لیے بڑا آپریشن شروع

 

مسافر طیاروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے لاہور ایئرپورٹ کے گردونواح کے علاقوں کو “نو برڈ زون” قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ پرندوں کی آمد و رفت روکنے کے لیے جامع گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر یہ فیصلہ کیا گیا، جس کا مقصد طیاروں کی ٹیک آف، لینڈنگ اور نچلی پرواز کے دوران پرندوں سے ممکنہ ٹکراؤ کے خطرے کو کم کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت لاہور کی ضلعی انتظامیہ، محکمہ وائلڈ لائف، اور انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کو فوری متحرک کر دیا گیا ہے۔

حکومت پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور کے مشرقی بائی پاس، مناواں، اسپتال داہوری والا، پی کے ایل آئی، چونگی امر سدھو، اچھرہ اور چاہ میراں سمیت متعدد علاقے نو برڈ زون میں شامل کیے گئے ہیں۔ ان علاقوں میں فضائی سلامتی کے لیے ’رنگ فینسنگ‘ یعنی فضائی حفاظتی حصار قائم کیا جائے گا۔

نو برڈ زونز میں پرندے جمع ہونے کا سبب بننے والی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جن میں غیر قانونی مذبح خانے، پولٹری فارمز، بیکریاں اور کھلے میں کوڑا پھینکنے جیسی سرگرمیاں شامل ہیں۔

چمڑا رنگنے کے یونٹس، جانوروں کی کھالیں دھونے، گھروں کی چھتوں پر دانہ ڈالنے، کبوتروں کو اڑانے، اور عوامی مقامات پر پرندوں کو خوراک ڈالنے پر بھی سخت پابندیاں لگا دی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ کی جانب سے سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو پنجاب کی پہلی وائلڈ لائف فورس کو متحرک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے اپنے رینجرز کو فوری کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.