بختیار آباد: قومی شاہراہ پر مسافر وین الٹ گئی، 17 زخمی
قومی شاہراہ پر بختیار آباد کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں جیکب آباد سے سبی جانے والی مسافر وین تیز رفتاری اور اوور لوڈنگ کے باعث الٹ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق وین کا اگلا ٹائر اچانک پھٹنے سے ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا جس کے نتیجے میں 17 مسافر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں تین افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور لیویز فورس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ریسکیو سینٹر بختیار آباد منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو ڈیرہ مراد جمالی ریفر کر دیا گیا۔
حادثے کے باعث کچھ دیر کے لیے ٹریفک متاثر ہوئی تاہم لیویز فورس نے سڑک کلیئر کرا دی۔ مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ اوور لوڈنگ اور تیز رفتاری کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ہوسکے۔