ژڑہ بند پر مسلح افراد کا دوبارہ قبضہ، کوئٹہ چمن شاہراہ بند
چمن: ژڑہ بند کے مقام پر مسلح افراد نے ایک بار پھر قومی شاہراہ کو بند کر دیا، جس کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے منہ ڈھانپ رکھے ہیں اور لیویز چیک پوسٹ کے قریب ایک ٹریلر کھڑا کرکے شاہراہ کو بلاک کیا ہوا ہے۔
شاہراہ کی بندش کے باعث چمن سے زخمی کو لے جانے والی سول اسپتال چمن کی ایمبولینس بھی ٹریفک میں پھنس گئی۔ تاحال مسلح افراد کی جانب سے کوئی مطالبہ سامنے نہیں آیا ہے۔
یہ صورتحال گزشتہ تین دنوں سے وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ پر بھتہ خوری اور لوٹ مار کے واقعات عام ہیں جبکہ لیویز اہلکار عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے اپنی مصروفیات میں لگے رہتے ہیں۔
مشتعل افراد کا مؤقف ہے کہ شاہراہ پر بااثر افراد اور ڈاکو مسافروں کو لوٹتے ہیں لیکن انتظامیہ کوئی عملی اقدام نہیں کرتی۔ شہریوں اور مسافروں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری کارروائی اور شاہراہ کو محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔