پاکستان کے مقابلے میں بھارت پر انحصار امریکی پالیسی کی ناکامی ہے، فارن افیئرز
امریکی جریدے فارن افیئرز نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے مقابلے میں بھارت پر انحصار کرنا واشنگٹن کی ناکام پالیسی ثابت ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت کبھی بھی امریکا کا قابلِ بھروسا شراکت دار نہیں رہا اور نہ ہی وہ امریکی توقعات پر پورا اتر سکا، جب کہ پاکستان زیادہ اعتماد کے قابل شراکت دار ہے جسے امریکا کو سنجیدگی سے آزمانا چاہیے۔
رپورٹ میں صدر ٹرمپ کے اس اعتراف کا حوالہ دیا گیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف نمایاں اقدامات کیے ہیں اور بھارت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے عملی کوششیں بھی کی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکا اور پاکستان کے تجارتی و توانائی معاہدے دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند قرار دیے گئے ہیں۔
فارن افیئرز کے مطابق پاکستان کے قدرتی وسائل، خصوصاً ریکو ڈیک جیسے منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری خطے میں استحکام لا سکتی ہے، جبکہ بھارت پر یکطرفہ توجہ علاقائی تقسیم اور جنگ کے خطرات بڑھائے گی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کی قومی سلامتی پالیسی امریکا اور چین دونوں کے ساتھ متوازن تعلقات پر زور دیتی ہے، اور ماضی میں بھی پاکستان نے دونوں بڑی طاقتوں کو قریب لانے میں پل کا کردار ادا کیا ہے۔
جریدے کے مطابق بھارت پر مرکوز امریکی پالیسی نہ صرف پاکستان کو دور کرے گی بلکہ خطے میں واشنگٹن کی پوزیشن کو بھی کمزور بنا دے گی۔