محکمہ موسمیات کے مطابق منگل اور بدھ کو ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔ شمال مشرقی پنجاب، پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم گرم اور حبس بھرا رہا، جب کہ بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور کراچی کے چند علاقوں میں بارش بھی ہوئی۔
بارش کی سب سے زیادہ مقدار مالم جبہ (13 ملی میٹر)، سیالکوٹ (6 ملی میٹر)، ساہیوال (5 ملی میٹر) اور نورووال (4 ملی میٹر) میں ریکارڈ کی گئی۔
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جب کہ نوکنڈی، دادو اور چلاس میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درج کی گئی۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں جزوی ابر آلودگی اور حبس کے ساتھ تیز ہواؤں اور بارش کا 45 فیصد امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید حبس کے باوجود لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور دیگر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
سندھ کے ساحلی علاقوں خصوصاً کراچی میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں بدھ کے روز بارش متوقع ہے۔ کشمیر میں بھی دونوں دنوں میں بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شدید دھوپ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔