وزیراعظم یو اے ای روانہ، اہم ملاقاتیں اور اقتصادی معاہدے متوقع
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہو گئے۔ وہ یہ دورہ یو اے ای کے صدر اور ابوظہبی کے فرمانروا عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کے ہمراہ اہم وفد بھی موجود ہے، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ، اقتصادی اور کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔