کراچی کا پسماندہ علاقہ، سہولیات کی کمی کے باوجود گولڈ میڈلسٹس پیدا کرنے میں کامیاب

کراچی کا پسماندہ علاقہ، سہولیات کی کمی کے باوجود گولڈ میڈلسٹس پیدا کرنے میں کامیاب

 

کراچی کے پسماندہ علاقے بلدیہ ٹاؤن میں پانی، بجلی اور گیس جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، لیکن اس کے باوجود یہاں کے نوجوانوں نے باکسنگ کی دنیا میں ایک منفرد مقام حاصل کر لیا ہے۔

ہوٹل پر پراٹھے بنانے والے آغا کلیم نے نہ صرف گلی محلوں میں باکسنگ کو متعارف کرایا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام بھی روشن کیا۔ ان کی شاندار کامیابیوں نے علاقے کے نوجوانوں کو بھی اس کھیل کی طرف راغب کیا۔ آغا کلیم نے اپنے علاقے میں ایک باکسنگ کلب قائم کیا، جہاں زیادہ تر وہ کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں جو فیس ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

اس کلب نے لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کے لیے بھی یکساں مواقع فراہم کیے ہیں، جس کا ایک ثبوت سرکاری اسکول کی طالبہ رابعہ ہے، جس نے آذربائیجان میں ہونے والے باکسنگ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔ رابعہ کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے باکسنگ کی شوقین تھیں، لیکن وسائل کی کمی آڑے آ رہی تھی۔ آغا کلیم کے باکسنگ کلب اور ہمدرد افراد کی مدد نے ان کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔

رابعہ نے شکوہ کیا کہ بلدیہ ٹاؤن جیسے علاقے میں نہ تو بنیادی سہولیات میسر ہیں اور نہ ہی کھیلوں کی ترقی پر کوئی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ان جیسے نوجوانوں کی سرپرستی کرے تو یہاں چھپے ہوئے بے شمار ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر نمایاں کیا جا سکتا ہے۔

بلدیہ ٹاؤن کے نوجوانوں کی ان کامیابیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر حکومت اور کھیلوں کے ادارے ان کی سرپرستی کریں تو یہاں سے مزید عالمی چیمپیئنز پیدا ہو سکتے ہیں۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.