عیسوڑی میں بارودی مواد پھٹنے سے مدرسہ دھماکا، 2 بچے شہید، 8 زخمی

شمالی وزیرستان کے علاقہ عیسوڑی میں خوارج کے چھوڑے گئے پرانے بارودی مواد کے پھٹنے سے مدرسے میں افسوسناک دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 معصوم بچے شہید اور 8 زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچے لاوارث پڑے بارودی مواد سے کھیل رہے تھے۔

حکام کے مطابق زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی ہنگامی بنیادوں پر علاج کیا جا رہا ہے۔

وار آن ٹیرر کے دوران خوارج نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی خاطر بڑے پیمانے پر بارودی سرنگیں بچھا رکھی تھیں۔ ماضی میں بھی باجوڑ، لکی مروت اور دیگر علاقوں میں ایسے المناک واقعات پیش آتے رہے ہیں، جنہوں نے واضح کیا کہ خوارج کی سفاکی سے خواتین اور بچے بھی محفوظ نہیں۔

سرکاری رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے 114 مربع کلومیٹر علاقے میں بارودی مواد اور مائنز کی نشاندہی کی گئی تھی، جن میں سے 82 مربع کلومیٹر علاقہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ کاوشوں سے مکمل طور پر کلیئر کیا جا چکا ہے۔ باقی ماندہ علاقوں کی ڈی مائننگ پر مسلسل کام جاری ہے۔

فوج کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں کو بارودی مواد سے پاک کرنے کا مقصد عوام کی جانوں کا تحفظ اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ہے۔ فتنۂ خوارج کے دہشتگردانہ عزائم نے خیبرپختونخوا میں تباہی اور خونریزی کی نہ ختم ہونے والی صورتحال پیدا کی۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.