اسرائیل کی ڈھٹائی سے جاری جارحیت کو روکنا ہوگا، وزیراعظم کی امیر قطر سے گفتگو

اسرائیل کی ڈھٹائی سے جاری جارحیت کو روکنا ہوگا، وزیراعظم کی امیر قطر سے گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ کر امیر قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام کو برادر ملک قطر پر اس بلاجواز حملے پر سخت تشویش ہے، جو بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔ انہوں نے قطری قیادت اور عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل کی ڈھٹائی سے جاری جارحیت کو روکنا ضروری ہے اور امت مسلمہ کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ انہوں نے غزہ میں قیام امن کے لیے قطر کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا اور کہا کہ اسرائیل کی اشتعال انگیزیوں کا مقصد خطے کے استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی اپیل کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے 15 ستمبر کو غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے انعقاد کے قطر کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس اجلاس کا شریک اسپانسر اور شریک انعقاد کرے گا۔

شہباز شریف نے اس سال کے آغاز میں بھارت کی بلاجواز جارحیت کے دوران پاکستان کے ساتھ کھڑی ہونے پر قطر کی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

امیر قطر نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس ملاقات میں پاکستان اور قطر نے اپنے تاریخی، برادرانہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.