سرمایہ کاری معیشت پر امریکی کمپنی کے اعتماد کی عکاس ہے، علی پرویز ملک
اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے امریکی ملٹی نیشنل کمپنی شیوران پاکستان کے سی ای او احمد زاہد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سی ای او شیوران پاکستان نے بتایا کہ کمپنی پاکستان میں مکمل خودکار لوبریکنٹس بلینڈنگ پلانٹ قائم کرنے کے لیے 30 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیوران پاکستان اس وقت ملک میں سالانہ تقریباً 70 ملین لیٹر اعلیٰ معیار کے لوبریکنٹس فروخت کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے شیوران کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری امریکی کمپنی کے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس طرح کی سرمایہ کاریاں نہ صرف معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے مواقع بھی پیدا کریں گی۔