اسٹاک مارکیٹ نے 134,000 کی حد توڑ دی
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے کاروباری ہفتے کے اختتام پر ایک نئی تاریخی بلندی کو چھو لیا، جب ہنڈرڈ انڈیکس میں 348 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 134,000 پوائنٹس کی سطح سے بھی تجاوز کر گیا۔
مارکیٹ میں اس نمایاں تیزی کو ماہرین ‘رزلٹ سیزن ریلی’ کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں، جس کے تحت سرمایہ کار بڑی کمپنیوں کے ششماہی مالیاتی نتائج کے منتظر ہیں۔
یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (UBL) کی جانب سے آج مالیاتی نتائج کا اعلان متوقع ہے، جس میں فی حصص آمدنی 13 روپے اور 5.50 روپے ڈیویڈنڈ کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد اور مثبت مالی تخمینے اسٹاک ایکسچینج کی سرگرمیوں کو سہارا دے رہے ہیں، جسے معیشت کے لیے خوش آئند علامت قرار دیا جا رہا ہے۔