الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ الیکشن 28 دسمبر کو مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔ اس سلسلے میں کمیشن نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ انتخابی عمل کے لیے فول پروف سیکیورٹی اور انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت صوبائی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مکمل معاونت فراہم کرنا ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے جمع کرائی گئی ملتوی کرنے کی درخواست کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاہم اسے ناقابلِ قبول قرار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے نوٹ تحریر کیا ہے۔ ان کا موقف ہے کہ سخت موسم اور سیکیورٹی خدشات کے باعث ووٹر ٹرن آؤٹ متاثر ہونے کا امکان ہے، اس لیے بلدیاتی انتخابات حالات بہتر ہونے تک مؤخر کیے جانے چاہئیں۔
تاہم الیکشن کمیشن کے اکثریتی فیصلے کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات اب اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔