پاکستان میں کاروباری اعتماد 7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے بزنس کانفیڈنس سروے 2025 کے مطابق پاکستان میں کاروباری اعتماد سات سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ سروے کے مطابق کاروباری اعتماد کا مجموعی انڈیکس 11 سے بڑھ کر 22 فیصد تک پہنچا، جو معاشی استحکام اور کاروباری ماحول میں نمایاں بہتری کی علامت ہے۔

او آئی سی سی آئی ملک میں 200 سے زائد غیر ملکی کمپنیوں کی نمائندگی کرتا ہے جو معیشت کے 13 اہم شعبوں میں سرگرم عمل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایس آئی ایف سی کی کوششوں اور حکومتی معاشی پالیسیوں نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مثبت اضافہ کیا ہے۔

سروے میں سروسز سیکٹر 24 فیصد بہتری کے ساتھ سب سے آگے رہا جبکہ ریٹیل اور مینوفیکچرنگ سیکٹرز میں بھی نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔ بڑے شہروں میں کاروباری اعتماد 14 سے بڑھ کر 23 فیصد جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں منفی 3 سے بڑھ کر 19 فیصد تک پہنچ گیا۔

او آئی سی سی آئی کے اراکین نے بھی اعتماد میں 17 سے 27 فیصد تک اضافہ رپورٹ کیا ہے، جبکہ سرمایہ کاری کے انڈیکس میں منفی 4 سے بڑھ کر 12 فیصد تک بہتری سامنے آئی، جو بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئے آرڈرز کا انڈیکس 26 سے بڑھ کر 41 فیصد ہو گیا، جب کہ نئی ملازمتوں کے انڈیکس میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

او آئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین نے نتائج کو اعتماد میں مسلسل بہتری قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں میں توسیع اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا بڑھتا ہوا رجحان ملکی معیشت کے استحکام کا واضح ثبوت ہے۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.