کوئٹہ ٹراما سینٹر میں مسلح افراد کا دھاوا، ڈاکٹرز کو سنگین دھمکیاں
گزشتہ اتوار کی شب سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں دو مسلح گروپوں کے درمیان جھگڑے کے بعد کشیدہ صورتحال پیدا ہوگئی۔ زخمی مریض کو لانے والا گروپ اسلحے کے ساتھ ٹراما سینٹر کے اندر داخل ہوا اور ڈاکٹروں کو دھمکیاں دیں کہ اگر مریض کو کچھ ہوا تو ان کی جان کو خطرہ ہوگا۔ دوسرا گروپ اسپتال کے گیٹ کے باہر مورچہ زن ہوگیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ اسلحہ بردار افراد آپریشن تھیٹر اور وارڈز میں گھس کر ڈاکٹروں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں اور دیگر مریضوں کو بھی ٹراما سینٹر میں داخل ہونے سے روکا گیا۔ ایک شخص نے ٹرایج کا مرکزی دروازہ سنبھال لیا۔
واقعے کے دوران اسپتال میں سیکیورٹی کا کوئی انتظام موجود نہ تھا، جس سے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق متعدد بار نشاندہی کے باوجود تاحال سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے۔
ایسوسی ایشن نے حکومت کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہسپتال کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے اقدامات نہ کیے گئے تو ڈاکٹروں اور اسٹاف کے لیے ڈیوٹی سرانجام دینا ناممکن ہوگا، جس کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔