فیلڈ مارشل کے صدر بننے کا کوئی خیال موجود نہیں،وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری کی تبدیلی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر بننے کی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی قیاس آرائیاں بے بنیاد، بدنیتی پر مبنی اور منفی پروپیگنڈے کا حصہ ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو نشانہ بنانے والی مہم کے پیچھے کون ہے، ہم بخوبی جانتے ہیں۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ صدر کے استعفے پر کوئی بات نہیں ہوئی، اور نہ ہی فیلڈ مارشل کے صدر بننے کا کوئی تصور موجود ہے۔ ان کے مطابق صدر زرداری کے مسلح افواج کی قیادت سے مضبوط اور باوقار تعلقات قائم ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پروپیگنڈے کے ذریعے جھوٹ پھیلانے والوں کے عزائم ناکام ہوں گے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی توجہ صرف اور صرف پاکستان کے استحکام اور مضبوطی پر مرکوز ہے۔