وینگیٹی بیچ قتل،ڈی این اے نے سات سال پرانی گتھی سلجھا دی

آسٹریلیا کے مشہور وینگیٹی بیچ پر سات برس قبل 24 سالہ ٹویاہ کورڈنگلی کے قتل کا معمہ بالآخر حل ہو گیا۔ عدالت نے ایک ماہ طویل ٹرائل کے بعد بھارتی ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے راجوندر سنگھ کو قتل کا مجرم قرار دے دیا۔

ٹویاہ کورڈنگلی کی لاش اکتوبر 2018 میں ریت کے ٹیلوں میں نیم مدفون حالت میں ملی تھی۔ وہ اپنے کتے کے ساتھ چہل قدمی کے لیے نکلی تھیں جب انھیں بے رحمی سے قتل کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ان پر 26 سے زائد چاقو کے وار کیے گئے تھے۔ لاش ان کے والد نے تلاش کی، جس کے بعد کوئنز لینڈ بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

41 سالہ راجوندر سنگھ قتل کے ایک روز بعد ہی آسٹریلیا چھوڑ کر بھارت فرار ہو گئے تھے اور چار برس تک روپوش رہے۔ عدالت میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والی ایک لکڑی پر سنگھ کا ڈی این اے موجود تھا، جس کے بارے میں ماہرین نے بتایا کہ اس کا امکان 3.8 ارب گنا زیادہ انہی کا ہونے کا تھا۔ اس کے علاوہ مقتولہ کے موبائل فون کی لوکیشن سنگھ کی گاڑی کی نقل و حرکت سے بھی مطابقت رکھتی تھی۔

مارچ میں پہلا ٹرائل بغیر نتیجے کے ختم ہوا تھا، تاہم اس بار جیوری نے متفقہ طور پر راجوندر سنگھ کو قصوروار قرار دے دیا۔

مجرم کو منگل کے روز سزا سنائی جائے گی۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.