طالبان کے پاس خوارج یا پاکستان کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،فیلڈ مارشل

چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افغانستان کی طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا ہے کہ ان کے پاس خوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کے انتخاب کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے انہیں سلامی دی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہ بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے اور یہ ہیڈکوارٹرز تینوں افواج کے آپریشنز کو مربوط اور ہم آہنگ کرنے کا اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد نظام کے تحت بہتر بنانا ضروری ہے۔ ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں میں اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی، جبکہ ڈیفنس فورسز کا ہیڈکوارٹر ان کی کارروائیوں کو مربوط کرے گا۔

فیلڈ مارشل نے بھارت کو خبردار کیا کہ اگلی بار پاکستان کا جواب برق رفتار اور شدید ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن کوئی بھی پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں پائے گا۔

انہوں نے معرکہ حق میں پاکستان کی فضائی اور دفاعی فتح کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے دوران دشمن کے جدید طیارے گرائے گئے اور دشمن کی فضائی دفاعی صلاحیت ناکام ہوئی۔

Author

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں…
Leave A Reply

Your email address will not be published.