ایم ایل ون اور سی پیک فیز ٹو پر چین کا تعاون جاری ہے، احسن اقبال
اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کی مؤثر پالیسیوں اور سخت نگرانی کے نتیجے میں نئے مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں مہنگائی 10.4 فیصد سے کم ہو کر 3.5 فیصد پر آگئی ہے، جو عوام کے لیے ریلیف کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے جولائی تا اگست 1661 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا، جو گزشتہ سال کی نسبت 14 فیصد زیادہ ہے جبکہ اگست میں ٹیکس وصولی میں 13.5 فیصد اضافہ ہوا۔
احسن اقبال نے بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج 154,277 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 18.1 کھرب روپے ہو گئی ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ زرعی شعبے کو جولائی 2025 میں 232.2 ارب روپے کے قرضے دیے گئے، جو 37 فیصد اضافہ ہے، جبکہ نجی شعبے کو دیے گئے قرضے 13 فیصد بڑھ کر 9.6 کھرب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برآمدات میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 5.11 ارب ڈالر تک پہنچیں جبکہ درآمدات 14 فیصد بڑھ کر 11.1 ارب ڈالر ہو گئیں، جس کی بڑی وجہ خام مال اور مشینری کی بڑھتی ہوئی طلب ہے۔ حکومت نے پہلے دو ماہ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 150 ارب روپے کی منظوری دی اور 46 ارب روپے جاری کیے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو میں زراعت کی جدت اور صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ ایم ایل ون منصوبے کے فنانسنگ معاہدے پر رواں ماہ دستخط متوقع ہیں۔ چین نے قراقرم ہائی وے فیز ٹو اور ایم ایل ون کی فنانسنگ میں تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہدف ہے کہ آئندہ برسوں میں چین کو برآمدات 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 60 ارب ڈالر تک لے جائی جائیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 2026 میں پہلا پاکستانی خلا باز مشن روانہ ہوگا جبکہ حال ہی میں چین کی مدد سے دو سیٹلائٹس خلا میں بھیجے گئے ہیں۔
سیلابی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 2025 کے حالیہ مون سون سیلاب میں 907 افراد جاں بحق ہوئے، 671 کلومیٹر سڑکیں اور 239 پل تباہ ہوئے جبکہ 23 لاکھ 50 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ حکومت نے 1744 امدادی کیمپ قائم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سیلابی نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے، جو پانی اترنے کے بعد دو ہفتوں میں حتمی رپورٹ پیش کرے گی۔